حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)دریائے سندھ سے مجوزہ طورپر6 کینالیں نکالے جانے کیخلاف سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا گیا ،کیمپ میں ایس یو پی کے سینئر نائب صدر روشن علی برڑو، نائب صدر اسیر آزادی کمیٹی منیر نائچ ، رمضان بھرگڑی، مختیار میمن ، منور خاصخیلی، دریا خان لغاری، شیخ راج اور دیگر پارٹی رہنماؤں سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں علامتی بھوک ہڑتال میں شرکت کی ۔ اس موقع پر روشن علی برڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت سندھ میں دریا سندھ پر ڈاکہ ڈال کر ظلم و زیادتی کررہی ہے، چولستان کینال ، تھل کینال سمیت6 کینال نکال کر سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین بنجر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور سندھ کو معاشی طورپر تباہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے ہی سندھ کے آبادگار پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں ، پیپلزپارٹی کے منتخب اراکان اسمبلی ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اس صورتحال پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ، آصف زرداری نے 8جولائی کو کینالوں کی غیرقانونی منظوری دے کر سندھ کے عوام کے ساتھ ظلم کیا ہے۔ سندھ یونائیٹیڈ پارٹی اس زیادتی کیخلاف گزشتہ ماہ سے مسلسل سڑکوں پر ہے ۔ سندھ دریائے سندھ کے بغیر نامکمل ہے ، فوری طورپر یہ سلسلہ روکا جائے اور سندھ کی قحط سالی سے بچایا جائے۔ہمارا احتجاج کینالوں کی تعمیر روکنے تک جاری رہے گا۔