اسلام آباد (آن لائن) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے رحیم یار خان جیل کا دورہ کے دوران آئی جی کو ہدایت کی ہے کہ جیل مینوئل میں منصوبہ بندی تبدیلیوں پر عملدرآمد کو تیز کیا جائے تاکہ ان میں بہتری نمایاں ہو سکے، چیف جسٹس نے خواہش ظاہر کی کہ ایسی اصلاحاتی کوششیں اس کمیٹی کے ساتھ شیئر کی جائیں جو ان کے نمائندے کے طور پر کام کر رہی ہے تاکہ دیگر ضروری شعبوں پر بھی توجہ دی جا سکے،انھوں نے 3 ماہ کے اندر تمام صوبائی جیل اصلاحاتی کمیٹیوں کی سفارشات کو حتمی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ عمل درآمد میں موجود خامیوں کو دور کیاجاسکے،سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے میں بتایاگیاہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے رحیم یار خان جیل کا دورہ کیاہے اور چیف جسٹس کا دور دراز علاقوں کے دورے کا تیسرا دن تھا، دورے کے دوران لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہباز علی رضوی، رجسٹرار سپریم کورٹ، سیشن جج رحیم یار خان، آئی جی جیل خانہ جات بھی شریک تھے،دورہ جیل اور قیدیوں کے حالات کا براہِ راست جائزہ لینے کے ان کے عزم کا حصہ تھا۔