اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں کاروباری سہولت مراکز کی جلد تکمیل کی ہدایت کی ہے۔اسلام آباد میں جاری منصوبوں اور سرمایہ کاری بورڈ کے تحت اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو انتظامی اصلاحات پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی جس کا مقصد ملک میں
کاروبار دوست ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں اور کاروباری معاہدوں پر عملدرآمد کیلئے ایک موثر اور جامع لائحہ عمل وضع کرنے پر زور دیا۔شہبازشریف نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کی موثر مارکیٹنگ انتہائی ضروری ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جغرافیائی معلومات کے نظام کے ذریعے ملک کے 35 خصوصی اقتصادی زونز میں سروے کروائے گئے ہیں اور ان خصوصی اقتصادی زونز میں جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کیلئے جامع اعدادوشمار موجود ہیں۔یہ بھی بتایاگیا کہ خصوصی اقتصادی زونز کو مزید موثر بنانے کیلئے 18نکاتی منصوبہ بھی وضع کیا گیا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ چینی کمپنیوں کے ساتھ دوسو سے زائد کاروبار سے کاروبار کے معاہدوں کو مکمل کرلیا گیا ہے اور سات کروڑ ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔اجلاس کے دوران کاروبار میں آسانی ایکٹ 2024سے متعلق تجاویز بھی پیش کی گئیں ایکٹ کے تحت سرمایہ کاری بورڈ ملک میں کاروبار کرنے کیلئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریگولیٹری لائحہ عمل تشکیل دے سکے گا۔