کرپشن کیس، پرویز الٰہی پر فرد جرم کیلیے 7جنوری کی تاریخ مقرر

34

لاہور (آن لائن) احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی پر فرد جرم کے لیے 7 جنوری کی تاریخ مقرر کردی۔ لاہور کی احتساب عدالت میں پی ٹی آئی رہنما چودھری پرویز الٰہی و دیگر کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن اور کک بیکس وصولی کے ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت
کے جج زبیر شہزاد کیانی نے کیس کی سماعت کی، چودھری پرویز الٰہی پھر عدالت پیش نہ ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ پرویز الٰہی کیوں پیش نہیں ہوئے؟ جس پر ان کے وکیل نے بتایا کہ پرویز الٰہی کل شام باتھ روم میں پھسل کر گر گئے تھے، ان کی کمر اور ٹخنے پر چوٹ آئی ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ فرد جرم سے بچنے کے لیے ہر تاریخ پر میڈیکل پیش کر دیتے ہیں ۔ بعدازاں عدالت نے شریک ملزم محمد خان بھٹی سمیت دیگر پر فرد جرم عاید کردی جبکہ چودھری پرویز الٰہی پر فرد جرم کیلئے 7جنوری کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔