ووڈ ورڈ ٹرافی انڈر17انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ

92
کراچی : سابق فرسٹ کلاس کرکٹر فراز پٹیل زون سات کے علی شیر کومین آف دی میچ ایوارڈ دیے رہے ہیں

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام میڈی گروپ آف کمپنیز کے تعاون سے منعقد کردہ ووڈورڈ ٹرافی انڈر17 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز زون سات وائٹس نے زون پانچ گرین کو 196 رنز سے شکست دے کر گروپ ” ڈی” سے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ ینگ فائٹر گراؤنڈ پر زون سات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔ علی شیر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چوکوں ایک چھکے کی مدد سے 89 ، جواد ضمیر نے 65 ، ابراہیم خان نے 41 اور حسن خان نے 33 رنز بنائے۔ سید اذلان شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں زون پانچ گرین 86 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ اوسید نے 22 رنز بنائے۔ عبدل غنی نے 24 رنز دیکر 3 جبکہ زید عبداللہ اور محمد زیدی نے 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔