پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) مہمند کے قبائلی عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے علاقے سے طالبان کا خاتمہ کیا جائے اور دیگر مسائل بھی حل کیے جائیں۔ امن و امان کی صورتحال پر ضلع مہمند کے عمائدین کا کمشنر ہاؤس میں جرگہ ہوا جس میں عمائدین نے کمشنر پشاور کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ مہمند میں سڑکیں خستہ حال ہیں لیکن مرمت کے لیے فنڈ نہیں ہیں، فاٹا انضمام کے بعد خاصہ دار کے مسائل تاحال حل نہیں ہوئے۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ مہمند اور باجوڑ کے درمیان تنازعات کو حل کیا جائے‘ مہمند میں دہشت گردی سے تباہ مکانات کو بحال کریں اور معاوضہ دیں اور بجلی کی لوڈیشنگ کا مسئلہ بھی حل کیا جائے‘ ضلع مہمند میں طالبان دوبارہ آباد ہوئے، طالبان کی وجہ سے علاقے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوا ہے، قبائلی مشران کو سیکورٹی فراہم کی جائے اور ہمارے علاقوں سے طالبان کا خاتمہ کیا جائے۔