غربت کے خاتمے کیلیے آبادی پر کنٹرول ضروری ہے‘عظمیٰ بخاری

74

لاہور (نمائندہ جسارت)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے کے لیے آبادی پر کنٹرول ضروری ہے،مسائل کا حل بات چیت سے ممکن ہے،خاندانی منصوبہ بندی معیشت کے لیے بھی بہتر ہے،گالی بدتمیزی مار دو جلادو اس ملک کا مقدر نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عظمیٰ بخاری نے کہا
کہ ترقی پذیر ممالک کے لیے آبادی میں اضافہ ایک بڑا چیلنج ہے،اپنے وسائل کے مطابق فیملی کو پلان کریں،آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے بہتر تجاویز کو زیر غور لانا ہو گا۔ کم سن بچیوں کی شادی پر پابندی سب سے پہلے پنجاب حکومت نے لگائی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سوشل ایشوز کو اجاگر کیا جانا چاہیے،آبادی میں اضافے سے متعلق میڈیا لوگوں میں آگاہی پیداکر سکتا ہے،میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا،میڈیا آج کے دور میں کنگ میکر ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ خواتین گھروں میں رہ کر آن لائن کام کرنے کی صلاحیت حاصل کریں، خواتین کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت یقینی بنا رہے ہیں۔