پشاور (آن لائن) خیبر پختونخوا کی ایپکس کمیٹی کا کرم میں قیام امن کے لیے تمام بنکرز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کرم میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ کرم کی صورتحال پر شرکا کو بریفنگ دی گئی اور گرینڈ جرگے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کرم میں بنکرز ختم اور اسلحے واپس لیے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ہے۔ کرم میں ادویات اور دیگر اشیا بروقت فراہم کی جائیں گی۔ ایپکس کمیٹی اجلاس کے مطابق بنکرز کے خاتمے اور اسلحہ اکٹھا کرنے تک مشکلات رہیں گی تاہم صورت حال بہتر ہو جائے گی۔ وفاقی اور صوبائی
حکومت نے مشترکہ اقدامات اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو قیام امن کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے‘ صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ہرممکن تعاون کریں گے۔ ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیاکہ علاقے میں لوگوں سے اسلحہ واپس لینے کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے تاکہ مستقبل میں ناخوشگوار واقعات سے بچا جاسکے۔