نصیر آباد(آن لائن)حر جماعت کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے کہا ہے کہ آپ کے اور میرے ووٹ سے نہ حکومت بنتی ہے اور نہ ٹوٹتی ہے، ہم ووٹ الف کو دیتے ہیں اور حکومت میں ب آجاتا ہے، ہمیں تو پتہ تھا کہ 70 سال سے الیکشن کیسے
ہورہے ہیں اس بار عالمی سطح پر بھی پتہ چل گیا کہ الیکشن کیسے ہوتے ہیں، نصیر آباد کے کوٹ نورپور جمالی اوستہ محمد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ سب قانون کے مطابق چلیں گے تو بہتر ہو گا ورنہ پھر گاڑی اسی طرح چلے گی۔حکومت میں بیٹھے ہوئے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ جھوٹ بول رہے ہیں۔ اب یہ حکومت بنائی ہے جو چل ہی نہیں رہی بلکہ جھوٹ پر قائم ہے۔یہ حکومت تو بنائی گئی مگر چل پارہی ہے؟ ہمارے نصیب کہہ لیں یاعادت کہ ہمیں جھوٹ میں رہنا پسند ہے۔انہوں نے کہا کہ عزت دار لوگ سیاست سے باہر ہو جائیں گے تو پھر ٹھیکیدار ملک چلائیں گے۔ ہمیں ملک کیلیے سوچنا ہوگا۔ سیلاب ہو یا دیگر آفات مدد کیلیے فوج ہی آتی ہے۔سیلاب میں سب پریشان ہوتے ہیں کہ بند نہ ٹوٹ جائے جبکہ سیلاب کے سیزن میں لوگ پانی کیلیے لڑ رہے تھے بعد میں کیا حال ہو گا؟ سندھ کو پانی ملے گا تو بلوچستان کی طرف آئے گا۔