وزیراعلیٰ پنجاب کا تجاوزات کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنیکا حکم

44

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تجاوزات کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کا حکم دیدیا۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی، جہلم، مری اور چکوال کے ڈپٹی کمشنرز نے کے پی آئیز کے مطابق رپورٹس پیش کیں، وزیر اعلیٰ نے چکوال کے ڈویژنل پبلک اسکول میں عمدہ لائبریری کے قیام کو سراہا اور چکوال میں جنگ عظیم اول کی تاریخی یادر گار بنانے پر ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام بڑے شہروں میں انڈر پاسز کے اطراف اور اوورہیڈ برج کے نیچے گرین بیلٹس بنانے کا حکم دیا جبکہ لاہور اور راولپنڈی سمیت تمام شہروں میں اوور ہیڈ برج اور انڈر پاسز کی بیوٹیفکیشن کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ نے تعلیمی اداروں کے سامنے سڑک پر زبیرا کراسنگ کے ساتھ کیٹ آئیز بھی لگانے کا حکم دیا۔دوران اجلاس گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کو گورننس
میں بہتری کا واضح فرق نظر آنا چاہیے، عوامی امور میں ہر روز بہتری لائی جائے اور شہروں کی بیوٹیفکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے، بڑے شہروں میں ماڈل ریڑھی بازاروں کی تعداد بڑھائی جائے۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ گلی محلوں میں گڑھے نظر نہیں آنے چاہئیں، مری میں ڈرین کی صفائی کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے، مری کے داخلی راستوں پر ویلکم ٹو مری کے سائن بورڈز لگائے جائیں، راولپنڈی شہرمیں بیوٹیفکیشن کے لئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔