لاہور (آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسانوں کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔کسانوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ کسان بھائیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، کسان دن رات زمین کے سینے سے اناج اگا کر ہماری غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں، کسان کی ترقی اور آسانی کیلیے حکومت پنجاب زراعت کے شعبے کو بہتر کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خوشحالی کیلیے کسان کارڈ کا اجرا کیا ہے، کاشکاروں کو پیداواری قرضے دیئے جا رہے ہیں، کاشتکار، کسان کارڈ سے اربوں روپے کے کھاد، بیج اور دیگر زرعی مداخل خرید چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ زرعی میکانزیشن کے ذریعے کسانوں کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں، کسان کو بلا سود آسان اقساط پر گرین ٹریکٹرز فراہم کیے جا رہے ہیں، زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے۔