ڈی سی نوشہروفیروز کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کے متعلق اجلاس

43

پڈعیدن ( نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کے متعلق نگران کمیٹی کا اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف مانیٹرنگ آفیسر محمد مستقیم قریشی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری محمد اسلم راجپر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری حزب اللہ کوریجو، ڈسٹرکٹ آفیسر ایل ایس یو تمام تعلقہ ایجوکیشن افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بند اسکولوں کو دوبارہ فعال کرنے کے لئے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کوششوں کو تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اسکول جن میں طلبہ کی تعداد زیادہ ہے اور اساتذہ کی تعداد کم ہے وہاں پر دیگر ان اسکولوں جن میں طلبہ کی تعداد کم ہو وہاں سے اساتذہ کو ٹرانسفرکیا جائے اور اس لئے مطلوبہ قانونی کارروائی مکمل کی جائے۔انہوں نے کہ تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی کی ایک کمیٹی تشکیل دی جوکہ محکمہ تعلیم کی بہتری کیلئے کام کرے گی۔ انہوں نے غیر حاضر عملے اور اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ غیر حاضرعملے اور غیر حاضری کی وجہ معلوم کرنے کے بعد اگر جواب غیر تسلی بخش نہ ملے تو ایسے عملے کی تنخواہیں بند کی جائیں۔انہوں نے تعلیمی اداروں میں ایس ایم سی فنڈز کے درست استعمال کے لیے پیچیدگیوں کو حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ایکسیئن ایجوکیشن اینڈ ورکس کو ہدایت کی کہ وہ فیمل اسکولوں میں واش روم اور باؤنڈری وال کی تعمیر کے لئے اسکیم کا جائزہ لیں اور انہوں نے ایکسیئن ایجوکیشن ورکس سے گزشتہ سالوں میں مکمل ہونے والی اسکیموں کی رپورٹ بھی طلب کی۔انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ جوبھی اسکیم بنے تو اس کی کاپی ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام افسران مل کر محکمہ تعلیم میں بہتری کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں۔