حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیڈٹ کالج پٹارو کے پرنسپل اور اسٹاف کو فرائض سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی خدمت کیلےے مستقبل کے لیڈر تیار کرنے میں پٹارو سرفہرست ہے۔وہ کیڈٹ کالج پٹارو کی 62ویں یوم والدین کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ،وزیراعلیٰ سندھ کا رکن قومی اسمبلی ملک اسد سکندر ، کیڈٹ کالج کے پرنسپل کموڈور فیصل اقبال قاضی ودیگر نے استقبال کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیڈٹ کالج کے پرنسپل کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا اورانہیں اساتذہ کا تعارف کروایا گیا۔تقریب میں رکن قومی اسمبلی ملک اسد سکندر، رکن سندھ اسمبلی ملک سکندر، رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سکندر شورو، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن، ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو، وزیر اعلیٰ کے پی ایس سلیم باجاری ،ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفرعلی قادری
،ایس ایس پی جامشورو بھی موجود تھے ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو میں 62ویں یوم والدین کے موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت بڑا اعزاز ہے،ذہین کیڈٹس، والدین اور معزز مہمانوں کی بھری تقریب دیکھ کر متاثر ہوا ہوں- انہوں نے طالبعلموں کو مشورہ دیا کہ وہ پٹارو میں اپنے سفر کا آغاز یہاں اپنے وقت کے بہترین استعمال سے کریں ،خود کو علم، قائدانہ صلاحیتوں، اور ذمے داری کے مضبوط احساس سے لیس کریں،اس سفر سے آگے کی زندگی چیلنجز سے بھری ہوئی ہے-انہوں نے مزیدکہا کہ کامیابی آپ کو اپنانے ثابت قدم رہنے اور قیادت کرنے کی صلاحیت پر منحصر ہے کامیاب ہونے کیلےے نہ صرف اپنے والدین کیلےے بلکہ اپنے ملک کے لیے بھی مخلص بنیںکیونکہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں اور ہمیں آپ سے بے پناہ امیدیں وابستہ ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے ادارے کو مزید مضبوط بنانے میں حکومت سندھ کے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کیڈٹ کالج پٹارو کیلےے 1.5میگاواٹ کے سولر سسٹم کی فراہمی اورتمام ملازمین کی لگن اور محنت سے کام کرنے کے لیے دو ماہ کی مجموعی تنخواہ دینے کا بھی اعلان کیا اورکہا کہ تعلیمی ادارے کا معیار اس کے ماحول کی بہترین عکاسی کرتا ہے اورکیڈٹ کالج پیٹارو سندھ میں پاکستان کے سب سے بڑے تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹارو کے کیڈٹس نے افواج، سول سروسز سمیت مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے اورپیٹریئنز نے پاکستانی فوج، بحریہ اور فضائیہ کی صفوں میں خود کو شامل کیاہے،مجھے یقین ہے کہ کیڈٹ کالج پٹارو بطور بہترین مرکز اپنا نام کماتا رہے گا۔انہوں نے سالانہ کالج رپورٹ پیش کرنے پر پرنسپل کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کیڈٹ کالج کی طالبعلوں کی جانب سے حیدرآباد فیڈرل بورڈ اور کیمبرج سسٹم کے ذریعے حاصل نتائج واقعی قابل تعریف ہیں۔ انہوںنے والدین کو اپنے بچوں کو اس عظیم ادارے کے سپرد کرنے کے فیصلے کو سراہاانہوں نے کیڈٹ کالج میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالبعلموں کومبارکباد دی۔