اسلام آباد/فیصل آباد /پشاور(نمائندہ جسارت+اے پی پی) تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر پر اسلام آباد کی حدود میں درج مقدمات کی تعداد 17 ہوگئی۔ عدالتی حکم پر ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ نے اسد قیصر پر
درج مقدمات کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائیں۔عدالت نے وقت کی کمی کے باعث کیس ملتوی کردی۔علاوہ ازیں فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل پر 2 مقدمات میں فرد جرم عاید کردی۔عدالت نے سول لائن میں حساس ادارہ کیس اور تھانہ غلام محمد آباد کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں زرتاج گل پر فرد جرم عاید کر دی۔عدالت نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور شبلی فراز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرلیں۔قبل ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ بشریٰ بی بی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں آج پیشی ہے، جیل ٹرائل میں پیشی کی وجہ سے آج ان کو حاضری سے استثنا دیا جائے۔دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے تمام مقدمات کی تفصیلات جمع کی ہے، بعدازاں بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت میں 16 جنوری تک توسیع کردی گئِی، اور اس کے ساتھ ہی عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔مزید برآں پی ٹی آئی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے مقدمات کی تفصیل اور ایف آئی آرز منسوحی کے لیے دائر درخواستوں پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، جس میں شیرافضل مروت کو 11فروری تک حفاظتی ضمانت دے دی گئی۔بعدازاں پشاور ہائیکورٹ نے 11فروری تک حفاظتی ضمانت دیدی اور صوبائی حکومت سے شیرافضل مروت کے خلاف درج مقدمات سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔
اسد قیصر