بٹ کوائن کی بڑھتی قدر ،عالمی برانڈز کی کرپٹو کرنسی کے ذریعے فروخت شرو ع

93

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک ) بٹ کوائن کی بڑھتی ہوئی قدر نے اعلیٰ درجے کے فیشن برانڈز اور ریٹیلرز کی توجہ حاصل کرلی ہے، ان برانڈز نے نئے دولت مندوں تک رسائی اور کرپٹو سرمایہ کاروں کے ساتھ وفاداری کے لیے کرپٹو کرنسی کو لین دین کی ادائیگی کی پیشکش دینے میں دلچسپی لینا شروع کردی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کچھ عرصہ قبل تک صرف چند لگڑری برانڈز بشمول ایل وی ایم ایچ واچ لیبلز ہبلوٹ، ٹیگ ہیور، کیرنگ کی ملکیت والے فیشن برانڈز گوچی اور بیلنسیاگا نے کرپٹو ادائیگی کی پیشکشوں کے تجربات کیے تھے۔حالیہ ہفتوں کے دوران فرانسیسی پرتعیش ڈپارٹمنٹ اسٹور ’پرنٹیمپس‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو ایکسچینج، بائنانس اور فرانسیسی فنانشل ٹیک کمپنی لیزی کے ساتھ مل کر فرانس میں اپنے اسٹورز میں بٹ کوائن اور ایتھیریم سمیت کرپٹو کرنسیوں کو قبول کر رہا ہے اور ایسا کرنے والا پہلا یورپی ڈپارٹمنٹ اسٹور بن گیا ہے۔بٹ کوائن کی
قدر میں اضافے کے ساتھ سامنے آنے والے اس اقدام کو دیگر برانڈز اور ریٹیلرز نے بھی دیکھا ہے جو اس میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔بائنانس فرانس کے صدر ڈیوڈ پرنکے کا کہنا ہے کہ بہت سی کالز موصول ہوئی ہیں جن میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔لگژری لائٹر اور قلم بنانے والی کمپنی ایس ٹی ڈوپونٹ نے خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ اس کا مقصد کرسمس کی تعطیلات سے قبل پیرس کے 2 اسٹورز میں کرپٹو کرنسی کی ادائیگیاں قبول کرنا ہے۔تجربات کے دائرے میں، کروز کمپنی ورجن وائجز نے اس ماہ اپنی پہلی پروڈکٹ پیش کرنا شروع کی، جس میں بٹ کوائن کو ادائیگی کے آپشن کے طور پر قبول کیا گیا تھا، یہ کمپنی اپنے کروز جہازوں پر ایک سال تک سفر کرنے کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر کا سالانہ پاس آفر کرتی ہے۔ریگولیٹرز نے خبردار کر رکھا ہے کہ بٹ کوائن جیسی کرپٹو کرنسیاں بڑے خطرے والے اثاثے ہیں، حقیقی دنیا میں محدود استعمال کے ساتھ، اتار چڑھاؤ ادائیگی کے ذریعے کے طور پر وسیع پیمانے پر اپنانے میں ایک اور رکاوٹ رہا ہے، لیکن نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حمایت کے وعدوں نے، جن سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ زیادہ دوستانہ ای کرنسی ریگولیشن لائیں گے، بٹ کوائن کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ایس اینڈ پی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بیانیہ تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے، یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ مالیاتی مارکیٹوں میں بلاک چین جدت طرازی کرپٹو کرنسیوں کے لیے پیش گوئی میں اضافہ کر سکتی ہے۔