مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کیلیے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا،چئیرمین سعودی شوریٰ کونسل

30

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس آمد ہوئی۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ان کا استقبال کیا بعدازاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور پارلیمانی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے پرتپاک استقبال پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی پارلیمان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون میں اضافہ دونوں
ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا، مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافے اور دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔