اسرائیل جنگ بندی معاہدے کیلیے نئی شرائط عاید کرنے سے باز رہے،حماس

295

تل ابیب /غزہ /تہران /قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے لیے نئی شرائط عاید کرنے سے باز رہے۔ حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے ضروری ہے کہ اسرائیل نئی شرائط عاید نہ کرے، اسرائیل کے وزیر دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں۔ اسرائیلی فورسز کی غزہ پر گزشتہ روز بھی گولہ باری جاری رہی، صیہونی فورسز نے پناہ گاہوں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فورسز کی گولہ باری سے 24 گھنٹے میں مزید 31 فلسطینی شہید ہوگئے، وسطی غزہ میں اسرائیلی حملے میں 10 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے، شہدا کی مجموعی تعداد 45 ہزار 59 ہوگئی،1 لاکھ 7 ہزار 41 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں،12 ہزار
799 طلبا بھی شامل ہیں۔ غزہ کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی فوج کے اہلکار جیسے ہی عمارت میں داخل ہوئے وہ زمین بوس ہوگئی اور 5 سے زاید فوجی ملبے تلے دب گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں اس کے 2 اہلکار ہلاک اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔ مارے گئے فوجیوں کی شناخت کمپنی کمانڈر 35 سالہ میجر موشیکو روزن واڈ اور اسکواڈ کمانڈر 26 سالہ فرسٹ کلاس سارجنٹ الیگز ینڈر انوسوف کے ناموں سے ہوئی۔اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے 14 ماہ کے جنگ کے دوران حماس کے غزہ میں 18 ہزار اور اسرائیلی سرزمین پر ایک ہزار جنگجوئوں کو مقابلے میں ہلاک کیا ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے خاتمے کا سوچنے والا اسرائیل خود مٹ جائے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ شام میں کیے گئے اقدامات سے صیہونی حکومت کو مزاحمت ختم ہونے کی غلط فہمی ہو گئی ہے۔ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس غزہ پٹی سے اسرائیلی فورسز کے مکمل انخلا اور مکمل جنگ بندی کی شرائط سے دستبردار ہوگئی ہے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس بیمار، عمر رسیدہ اور خواتین فوجی یرغمالیوں کی رہائی پر رضامند ہوگئی اور حماس نے عمر رسیدہ فلسطینی قیدیوں کی قطر اور ترکیہ منتقلی کی بھی حامی بھرلی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق حماس نے شمالی غزہ پٹی میں اسرائیلی چیک پوسٹوں کے قیام کی مخالفت کردی ہے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق قاہرہ میں غزہ جنگ بندی مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چند دن میں جنگ بندی ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
حماس