کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان بزنس گروپ کی یوتھ ونگ کی چیئرپرسن حبا آر خان نے اربن ویڑن انٹرنیشنل یوتھ فورم میں شاندار کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ یہ فورم جمہوریہ آذربائیجان کے نیشنل اسمبلی آف یوتھ آرگنائزیشنز (NAYORA) کے زیر اہتمام منعقد ہوا۔حبا آر خان نے اس بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک جدت انگیز منصوبہ پیش کیا جس نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یہ منصوبہ اب متعلقہ وزارت کو عملدرآمد کے لیے پیش کیا جائے گا، جو کہ شہری ترقی اور پائیدار کمیونٹیز کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔اس موقع پر حبا آر خان نے پاکستان بزنس گروپ کے پیٹرن ان چیف اور بانی فراز الرحمان اور پاکستان بزنس گروپ کا شکریہ ادا کیا جن کی حمایت نے ان کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔اربن ویڑن فورم میں نوجوان رہنماؤں نے شہری ترقی، پائیدار شہروں اور ثقافتی تبادلے پر مبنی حل پیش کیے۔ حبا آر خان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے لیے بلکہ پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر موثر نمائندگی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے۔