بھارتی ریاست کا یکم جنوری سے یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کا اعلان

93

بھارت کی ریاست اترا کھنڈ نے یکم جنوری 2025 سے پوری ریاست میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اقلیتوں نے یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت بھی رجوع کر رکھا ہے۔

یکساں سول کوڈ نافذ کیے جانے سے شادی بیاہ، طلاق، نان نفقہ، ترکے کے تقسیم اور دیگر بہت سے معاملات میں سب کے لیے قوانین یکساں ہوں گے اور اپنے اپنے مذہب کی تعلیمات کے مطابق اِن معاملات کو نپٹانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اترا کھنڈ کے وزیرِاعلیٰ پُشکر سنگھ دھامی نے کہا ہے کہ ہم نے یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کے لیے ہوم ورک کر رکھا ہے۔ اس معاملے میں کسی کے لیے کوئی الجھن نہیں ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ کسی سے نا انصافی نہ ہو، سب کے لیے قانون برابر ہو۔

پُشکر سنگھ دھامی نے اعلیٰ حکام سے کہا ہے کہ وہ متعلقہ عملے کو موزوں تربیت دیں تاکہ یکساں سول کوڈ کے نفاذ کے معاملے میں کسی بھی طرح کی الجھن کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یاد رہے کہ اپنے فیصلے پر عمل کرنے میں کامیاب رہنے پر اترا کھنڈ یکساں سول کوڈ نافذ کرنے والے بھارت کی پہلی ریاست ہوگی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھارت کے وزیرِاعطم نریندر مودی نے پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں لوک سبھا میں کہا تھا کہ حکومت ملک کے تمام شہریوں کے لیے ایسا یکساں سول کوڈ لانے کی بھرپور تیاری کر رہی ہے جس کا کسی بھی مذہب کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہو اور کسی سے نا انصاف نہ ہو۔