بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے، وزیراعظم

101

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ، وقار اور شمولیت کو یقینی بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، تعلیم، روزگار، کاروبار ہو یا سیاحت، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پاکستان کے سفرا کے طور پر اپنی شناخت بنائی اور دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کئی دہائیوں سے پاکستان تارکین وطن کا خیرمقدم کرنے والا میزبان رہا ہے اور دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی فخر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان  کو بااختیار بنانے، انہیں ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، ہم نے بروقت انصاف اور سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی عدالت (اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی  ایکٹ 2024  )منظور کیا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ہم نے محسن پاک ایوارڈز متعارف کرائے ہیں، جو کہ پاکستان اور ان کی میزبان کمیونٹیز دونوں کے لیے ہمارے تارکین وطن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک باوقار قومی اعزاز ہے۔