لیاقت بلوچ کی زیر صدارت ملی یکجہتی کونسل کا اہم اجلاس،سندھ کے نو منتخب عہدیداران کا اعلان

103

کراچی:ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے جنرل سکریٹری لیاقت بلوچ کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں  مرکزی کمیٹی اور صوبائی کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کونسل کے دستور کے مطابق 3سال کے بعد نئے صوبائی عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا، بعد ازاں لیاقت بلوچ نے مرکزی کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ پریس بریفنگ میں نئے صوبائی عہدیداران کا اعلان کیا۔

 لیاقت بلوچ نے کہا کہ مرکزی کمیٹی کے ارکان نے مکمل اتفاق رائے سے انتخاب کیا ہے اور اسد اللہ بھٹو کو آئندہ 3 سال کے لیے ملی یکجہتی کونسل سندھ کا صدر،علامہ قاضی احمد نورانی کو جنرل سکریٹری منتخب کیا گیاجبکہ سینئر نائب صدور، نائب صدور، ڈپٹی سکریٹریزاور سیکریٹری اطلاعات سمیت 50رکنی ٹیم بھی مقرر کی گئی ہے۔

لیاقت بلوچ نے پریس بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملی یکجہتی کونسل ایک غیر انتخابی کونسل ہے اس کا مقصد اتحاد و اتفاق و باہمی یکجہتی کے ذریعے ظلم کے نظام کے خلاف آواز اُٹھانا اور قرآن و سنت کی بالادستی کی جدو جہد کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ   اتحاد امت ہی بحرانوں سے نجات کا واحد راستہ ہے۔ ملک بھر کے عوام بے شمار مسائل سے دوچار ہیں۔مدارس کی رجسٹریشن کا مسئلہ انتہائی سنگینی اختیار کر چکا ہے۔26ویں آئینی ترمیم کے موقع پر بھی مسئلے پر سب خاموش رہے۔ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ حکومت نے مولانا فضل الرحمن کو دھوکا دیا ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ   تمام رجسٹرڈ بورڈزاور ان کے سربراہ اتفاق رائے کے ساتھ مسئلے کو حل کریں۔نئے بورڈز کا تعلق بھی اسی ملک سے ہے، یہ دینی مسئلہ ہے اسے سیاست کی نظر نہیں ہونا چاہیئے۔ملی یکجہتی کونسل نے پیشکش کی ہے کہ ہم مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے تعاون و میزبانی کرنے کے لیے تیار ہیں۔