قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

165

ا ل م۔ رومی قریب کی سرزمین میں مغلوب ہو گئے ہیں۔ اور اپنی اِس مغلوبیت کے بعد چند سال کے اندر وہ غالب ہو جائیں گے۔ اللہ ہی کا اختیار ہے پہلے بھی اور بعد میں بھی اور وہ دن وہ ہو گا جبکہ اللہ کی بخشی ہوئی فتح پر مسلمان خوشیاں منائیں گے۔ اللہ نصرت عطا فرماتا ہے جسے چاہتا ہے، اور وہ زبردست اور رحیم ہے۔ یہ وعدہ اللہ نے کیا ہے، اللہ کبھی اپنے وعدے کی خلاف ورزی نہیں کرتا، مگر اکثر لوگ نہیں جانتے ہیں۔ (سورۃ الروم:1تا6)

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اپنے بھائی کے سامنے مسکرانا تمہارے لیے صدقہ ہے، بھلائی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا صدقہ ہے، بھٹک جانے والے مقام پر کسی کی رہنمائی کر دینا صدقہ ہے، نابینا اور کم دیکھنے والے کو راستہ دکھا دینا صدقہ ہے، راستے سے پتھر، کانٹا اور ہڈی ہٹا دینا صدقہ ہے، اپنے ڈول سے اپنے بھائی کے ڈول میں تمہارا پانی ڈال دینا بھی صدقہ ہے۔ (ترمذی)