کراچی (کامرس رپورٹر)نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ (این ایف ای ایچ) اور فائر پروٹیکشن انڈسٹری آف پاکستان (ایف پی آئی پی) کے تعاون سے 14ویں فائر سیفٹی ایوارڈز 2024 کی تقریب میں 45 صنعتی اداروں اور کمپنیوں کو فائر سیفٹی میں شاندار کارکردگی پر ایوارڈز دیئے گئے۔ یہ تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سندھ کے وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ تھے۔ ایوارڈز ان کمپنیوں کو دیے گئے جنہوں نے فائر سیفٹی کے اصولوں کی مثالی پاسداری کی اور زندگیوں اور املاک کے تحفظ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے ان کمپنیوں کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا، “فائر سیفٹی محض ایک قانونی تقاضا نہیں بلکہ اخلاقی ذمہ داری بھی ہے جو زندگیوں، املاک اور صنعتوں تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔سندھ حکومت ان اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے جو شہری علاقوں میں تحفظ اور مضبوطی کو فروغ دیتے ہیں۔” انہوں نے صنعتوں اور کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ عالمی فائر سیفٹی کے معیارات کو اپنانے میں رہنمائی کریں۔”میں تمام متعلقہ افراد سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ فائر سیفٹی کے اقدامات کو فعال طور پر نافذ کریں اور حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر ہر کسی کے لیے محفوظ ماحول بنانے میں تعاون کریں،”۔ این ایف ای ایچ کے صدر محمد نعیم قریشی نے فائر سیفٹی کو بہتر بنانے میں پبلک-پرائیویٹ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، “یہ ایوارڈز ان اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے فائر سیفٹی میں اعلیٰ معیار قائم کیے ہیں۔ ان کی لگن دوسروں کو حوصلہ دیتی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کو ترجیح دیں اور جدید فائر پروٹیکشن سسٹمز میں سرمایہ کاری کریں۔