کراچی(کامرس رپورٹر)انسانی حقوق کے محافظوں، ماحولیاتی کارکنوں، قانون سازوں، قانونی ماہرین، حکومتی عہدیداروں اور تعلیمی محققین نے منگل کو 2022 کے سندھ کے سیلاب کے بعد کمزور کمیونٹیز کی مسلسل مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محروم اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ یہ سیمینار، جو کہ سندھ ہیومین رائیٹس کمیشن ا?ف پاکستان، سینٹر فار لا، جسٹس اینڈ پالیسی، اور ڈیننگ لاء اسکول اور یو این ڈی پی کے اشتراک سے منعقد ہوا، انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے سندھ میں چیلنجز پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے منعقد کیا گیا جہاں 2022 کے تباہ کن سیلاب کے متاثرین اب بھی بحالی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ شرکاء نے انسانی حقوق اور موسمیاتی اثرات کے باہمی تعلق کو اجاگر کیا اور طویل المدتی اثرات کی نشاندہی کی جو شدید موسمی حالات پاکستان کے کمزور ترین طبقات پر مرتب کر رہے ہیں۔سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کی مشکلات اور ناکافی بحالی کی امداد پر تبصرہ کرتے ہوئے، ماحولیاتی صحافی اور کارکن محترمہ عافیہ سلام نے کہا، ہزاروں اسکولوں کی عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں اور ابھی تک ان کی مرمت نہیں کی گئی ہے، جس کی وجہ سے ان اسکولوں کے طلباء پچھلے دو سال سے تعلیم سے محروم ہیں۔