ککراچی (کامرس رپورٹر)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر احمد عظیم علوی نے بزنس کمیونٹی کے مطالبے کے باوجود اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں صرف200 بیسس پوائنٹس(2 فیصد) کمی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے 500 بیسس پوائنٹس(5فیصد) کمی پر زور دیا ہے۔ ایک بیان میں سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ افراط زر میں مسلسل کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے شرح سود کو13فیصد پر لانے سے معیشت، صنعت پر زیادہ خوشگوار اثرات مرتب نہیںہوں گے البتہ اگر اسے سنگل ڈیجٹ پر لانے کی حکمت عملی اختیار کی جاتی ہے تو یقینناً اقتصادی سرگرمیوں میں نہ صرف تیزی آئے گی بلکہ بینکوں سے قرض لینے کے رجحان میں اضافہ ہوگا اور ساتھ ہی صنعتوں میں توسیع اور نئی صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی ہوگی۔احمد عظیم علوی کا کہنا تھا کہ حکومت ایک طرف کاروبار بڑھانے اور نئی صنعتیں لگانے کی ترغیب دے رہی ہے مگر دوسری جانب کاروباری لاگت میں کمی کے خطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ۔