کسی سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگیں گے،ڈی چوک کے شہدا کا انصاف چاہتے ہیں، علی محمد خان

125

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہم کسی سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگیں گے، ہم ڈی چوک کے شہدا کا انصاف چاہتے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو اپنے ساتھ شہیدوں کے گھروں میں لے جانے کی پیشکش کردی۔  علی محمد خان نے کہا کہ آپ ہمارے ساتھ ایبٹ آباد اور دیگر جگہوں پر چلیں میں آپ کےساتھ رینجرز شہدا کے مزارات پر جاؤں گا، ہم کسی سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگیں گے، ہم ڈی چوک کے شہدا کا انصاف چاہتے ہیں۔

علی محمد خان نے کہا کہ خواجہ آصف کہتے ہیں کہ جوانمردی سے جیل کاٹنی چاہیے، میں نے 78 روز جوانمردی سے جیل کاٹی، ممتاز قادری اور صوفی محمد والی کوٹھڑی میں وقت گزارا، ہم وہ بدقسمت قوم ہیں کہ آج تک ہوش کے ناخن نہیں لیے، ایک وزیر اعظم کو شہید کیا گیا دوسرا پانچ سو دنوں سے قید میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان بات کرتا ہے گولی نہیں مارتا، پاکستان ایک سیاستدان نے بغیر بندوق کے حاصل کیا تھا، خان غفار خان اور ولی خان کو عزت دیتا ہوں، ہمیں سلیکٹڈ کہا گیا لیکن ہمارے ہاتھوں پر کسی کا خون نہیں، ایک دن بانی چیئرمین پی ٹی آئی بھی جیل سے باہر ہوں گے۔