مسجد کے سامنے سے جلوس گزارنے سے کوئی نہیں روک سکتا: یوگی آدتیہ ناتھ

161

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے وزیرِاعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ بھارت میں شری رام چندر جی، شری کرشنا اور مہاتما بدھ کی روایات باقی رہیں گی، بابر اور عالمگیر کی روایات کے لیے بھارت میں کوئی جگہ نہیں۔

اتر پردیش کی اسمبلی میں اپوزیشن نے حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ مسلم اکثریت والے علاقوں سے ہندوؤں کے مذہبی جلوس نہ نکالے جائیں کیونکہ اس سے مذہبی ہم آہنگی متاثر ہوتی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آئین میں کہاں لکھا ہے کہ کسی مسلم اکثریتی علاقے سے ہندوؤں کا مذہبی جلوس گزارا نہیں جاسکتا اور نعرے نہیں لگائے جاسکتے۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا یہ بات میری سمجھ میں نہیں آتی کہ مسجد کے سامنے سے ہندوؤں کا جلوس نہیں گزارا جاسکتا۔ کیوں، کیا سڑک کسی کی ذاتی جاگیر ہے؟ سڑک ریاست کی ملکیت ہے۔ کسی بھی کہیں بھی چلنے سے روکا نہیں جاسکتا۔

اتر پردیش کے وزیرِاعلیٰ کا کہنا ہے کہ جے شری رام کا نعرہ کسی بھی اعتبار سے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا نہیں۔ یہ ہندوؤں کے جذبات کا عکاس ہے۔ کل کو اگر ہم کہیں کہ اللہ اکبر کا نعرہ کوئی نہیں لگائے تو؟