یونان کشتی حادثے میں درجنوں پاکستانی لاپتا ہیں، بچنے کی امیدیں ختم ہوگئیں :پاکستانی سفیر

145

یونان میں پاکستان کے سفیر عامر آفتاب نے کہا ہے کہ کشتی حادثے میں اب بھی درجنوں پاکستانی لاپتا ہیں جن کے بچنے کی امیدیں بہت کم ہیں۔

یونان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر عامر آفتاب قریشی  نے کہا ہے کہ درجنوں پاکستانی کشتی حادثے میں ابھی تک لاپتا ہیں، ریسکیوآپریشن جاری ہے مگر بچنے کی امیدیں کم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاپتا پاکستانیوں میں بڑی تعداد کم عمر بچوں کی ہے، والدین سے درخواست ہے کہ اپنے بچوں کو ایسے خطرناک سفر پر نہ بھیجیں، کشتیوں کو حادثہ ضرورت سے زیادہ افراد سوار ہونے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ 

عامر آفتاب نے کہا کہ جس کشتی میں پاکستانی سوار تھے اس کے اندر پہلے شگاف پڑا اور پھر ڈوب گئی،کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی لاشیں سفارت خانہ اپنے اخراجات پر پاکستان روانہ کرے گا۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ لیبیا سے غیر قانونی طریقے سے جانے والی 5 کشتیوں پر پاکستانی سوار تھے، کشتی پر 80 سے زائد پاکستانی سوار تھے۔

واضح رہے کہ 13 دسمبر کو یونان کے جزیرہ کریٹ کے جنوب میں کشتیاں الٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 4  پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی تھی، جب کہ 47 پاکستانیوں کو ریسکیو کرکے شناخت کرلی گئی تھی۔