26 نومبر احتجاج:پی ٹی آئی کے 102 کارکن مقدمے سے ڈسچارج، 205 کا جسمانی ریمانڈ منظور

161

اسلام آباد:انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے کیس میں پی ٹی آئی کے 102 کارکن مقدمے سے ڈسچارج کردیے جب کہ 205 کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج کے کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے 307 کارکنان کے مقدمات پر اہم فیصلے سناد یے۔ عدالت نے  102 کارکنان کو مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے پولیس کو انہیں دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا، جبکہ دیگر کارکنان کو مختلف مدت کے لیے پولیس کے جسمانی ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ 

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کے روبرو مجموعی طور پر  307 گرفتار کارکنان کو پیش کیا گیا۔، جس میں سے 102 ملزمان کو مقدمات سے بری قرار دے کر رہا کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں  تھانہ کراچی کمپنی کے 2 مقدمات میں پیش کیے گئے  95 ملزمان میں سے 9 کو ڈسچارج  جب کہ 3 کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ہوا۔  ایک دوسرے مقدمے میں 8 ملزمان کو ڈسچارج جب کہ 4 کم عمر کارکنان سمیت  75 ملزمان کا  3روزہ جسمانی ریمانڈمنظور کیا گیا۔ 

ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ  4 کم عمر کارکنان کو ڈسچارج کیا جانا چاہیے۔   عدالت نے پولیس سے کم عمر ملزمان کے حوالے سے فوری تفصیلات طلب کرلیں۔

تھانہ کوہسار پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے  33 ملزمان میں سے  24 کارکنان کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا گیا، جن کی  ہتھکڑیاں کمرہ عدالت میں ہی کھلوائی گئیں۔  جب کہ 9 کارکنان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا۔ 

عدالت نے حکم دیا کہ کسی بھی ڈسچارج کیے گئے ملزم کو دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے اور کم عمر ملزمان کے حوالے سے تفصیلات فوری طور پر عدالت کو فراہم کی جائیں۔