کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کیلیے کوشاں ہیں،سلیم میمن

52

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے چیمبر اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اَتھارٹی آف پاکستان حیدرآباد کے تعاون سے منعقد ہونے والے ” ہنڈی کرافٹس اینڈ انڈسٹریل ٹریڈ شو“ کی تیاریوں اور حکمت عملی پر ہونے والے اجلاس کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ صدر محمد سلیم میمن نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری اور ٹیڈیپ حیدرآباد کا یہ مشترکہ اقدام نہ صرف حیدرآباد کے صنعتی، زرعی اور ہنڈی کرافٹس کے شعبوں کی برآمدات کو فروغ دے گا بلکہ مقامی کاروباری طبقے کے لیے نئی
راہیں کھولنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ اِن خیالات کا اِظہار اُنہوں نے انچارج حیدرآباد ٹیڈیپ صلاح الدین عباسی کے چیمبر سیکرٹریٹ کے دورے پر تاجروں سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں مختلف اَمور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں نمائش کے انعقاد کی منصوبہ بندی، اہم اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت اور مختلف شعبوں میں خواتین کاروباری اَفراد کی نمائندگی بھی شامل ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹیڈیپ ملک میں برآمدات کے فروغ اور بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے لیے ایک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ حیدرآباد جیسے شہر میں اِس ادارے کی سرگرمیاں مقامی صنعتوں کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہیں اور حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری اُن کے ساتھ مل کر کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور ترقی کے لیے کوشاں ہے۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے حیدرآباد ایکسپو سینٹر کی لوکیشن اور ٹیڈ یپ کے سب ریجنل دفتر کی موجودہ جگہ پر تحفظات کا اِظہار کیا۔ ایکسپو سینٹر کی موجودہ جگہ دور دراز اور ناقابل رسائی علاقے میں واقع ہے جس سے کاروباری برادری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس سلسلے میں کراچی ٹیکسپو 2024 کے دوران نا صرف سی ای او ٹیڈیپ زبیر موتی والا سے بات کی گئی بلکہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے باقاعدہ خط بھی لکھا گیا ہے اور تجویز دی گئی ہے کہ ایکسپو سینٹر کو آٹو بھان یا لطیف آباد جیسے مرکزی اور آسان رسائی والے علاقے میں منتقل کیا جائے تاکہ کاروباری طبقے کی سہولت اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔