پی ایس ایل 10، غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع

209

کراچی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا۔ پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن ونڈو کے ساتھ ساتھ ٹریڈ ونڈو اب کھل گئی ہے۔ کھلاڑیوں کی کیٹیگری کی تجدید کا اعلان منگل 17 دسمبر کو کیا جائے گا۔کھلاڑیوں کی ریلیگیشن اور ریٹینشن کا عمل رواں ماہ کے دوران کیا جائے گا۔پی ایس ایل پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری 2025 کو ہونا ہے۔ ڈرافٹ کے مقام اور وقت کا اعلان مقررہ وقت پر کیا جائیگا۔ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ہم غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹریڈ ونڈو کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوش ہیں۔ یہ پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کی تیاریوں کا ایک دلچسپ آغاز ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل ایک ایسا برانڈ ہے جس پر ہم سب کو فخر ہے۔ 2016 میں اپنے قیام کے بعدسے اپنے فرنچائز مالکان، تجارتی شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ہم نے ایک طویل اور کامیاب سفر کا آغاز کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تاریخی 10 واں سیزن سب کے لیے مزید جوش و خروش لانے کا وعدہ کرتا ہے اور پی ایس ایل ٹیم شائقین کو بے مثال تجربات فراہم کرنے کے لیے انتھک محنت کرنے کے لیے پرعزم ہے۔