خیبرپختونخوا کی کابینہ نے ضلع کرم میں امن بحالی کے لیے صوبائی سطح پر سپروائزری کمیٹی قائم کردی گئی۔
یہ پیش رفت شورش زدہ ضلعے میں گرینڈ جرگہ منعقد کرنے کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں دونوں فریقین سے انفرادی اور اجتماعی طور پر طویل بات چیت کے بعد معاہدے پر پہنچنے کے لیے اتفاق کیا گیا۔
میڈیا ذرائع کوموصول شدہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ 2 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی تشکیل کردہ سپروائزری کمیٹی کو کابینہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد، علاقے میں امن اور استحکام کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔اعلامیے کے مطابق کمیٹی کی سربراہی مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کریں گے جبکہ صوبائی وزیر آفتاب عالم کمیٹی کے رکن نامزد کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ ضلع کرم میں کئی دن تک جاری مسلح تصادم کے نتیجے میں 100 سے زائد اموات کے بعد سیاسی جرگے کی مداخلت سے علاقے میں مکمل جنگ بندی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔