EOBIبینکنگ سروسز کی بولی میں بینک الفلاح کی نامزدگی

175

اس اضافی معاہدہ کے اختتام پر بینکنگ سروسز کے سلسلہ کو ایک بار پھر بلا خلل جاری رکھنے کے لیے دوسرا ضمنی 3اگست2021ء تا 2اگست 2022ء تک کی مدت کے لیے عمل میں آیا تھا اس میں بینک الفلاح کی انتظامیہ نے بزرگ پنشنرز کی فلاح وبہبود کے لیے نہایت فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرانزیکشن سروس چارجز کو سرے سے ختم کرکے صفر کردیا تھا۔اس اضافی معاہدہ کے اختتام پر تیسرا ضمنی معاہدہ 3 اگست 2022ء تا 2 اگست 2024ء کی مدت کے لیے عمل میں آیا تھا اس معاہدہ میں بھی ٹرانزیکشن سروس چارجز حسب دستور صفر ہی برقرار رکھے گئے تھے۔ ای او بی آئی اور بینک الفلاح لمیٹڈ کے درمیان چوتھا ضمنی معاہدہ 3 اگست 2024ء سے 2 فروری 2025ء تک کی مدت کے لیے عمل میں آیا تھا اور اس میں بھی پنشنرز کے لیے ٹرانزیکشن سروس چارجز حسب سابق صفر ہی برقرار رکھے گئے تھے۔ جبکہ حال ہی میں بینک الفلاح کی جانب سے مقررہ پروکیورمنٹ قوانین اور شفاف طریقہ کار کے مطابق ای او بی آئی کے حالیہ بینکنگ سروسز کی بولی کے عمل کے دوران حبیب بینک لمیٹڈ کے مقابلہ میں دوسری بار کامیابی حاصل کرنے کے بعد جلد ہی دونوں فریقین کے درمیان ایک پنج سالہ بینکنگ سروسز معاہدہ پر دستخط کیے جائیں گے جس کا اطلاق آئندہ برس 3فروری 2025ء سے 2 فروری 2030ء تک موثر العمل ہونے کا امکان ہے۔

یہ امر قابل تعریف ہے کہ بینک الفلاح کی جانب سے 2021ء سے ای او بی آئی کے ہزاروں رجسٹرڈ آجران سے ماہانہ کنٹری بیوشن کی وصولیابی اور ملک بھر میں لاکھوں پنشنرز میں ماہانہ پنشن کی تقسیم کے لیے تمام تر خدمات مفت مہیا کی جارہی ہیں۔
بینک الفلاح کی جانب سے ای او بی آئی کے لاکھوں بزرگ پنشنرز کو سینئر سٹیزن کا درجہ دیتے ہوئے ان کے لیے پنشن ڈیبٹ کارڈ(Pension Debit Card)کی کوئی قیمت مقرر نہیں ہے جبکہ مارکیٹ میں اس کی قیمت 950روپے اور کمپیوٹر چپ کارڈ کی قیمت 1600 روپے تک وصول کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ بینک الفلاح کے ڈیبٹ کارڈ (Debit card) دبئی سے تیار ہوکر آتے ہیں اور پھر بینک الفلاح لمیٹڈ میں ان پنشنرز کا ڈیٹا پنشن ڈیبٹ کارڈ میں منتقل کیا جاتا ہے۔بینک الفلاح لمیٹڈ کے جاری کردہ پنشن ڈیبٹ کارڈ گم یا تلف ہو جانے کی صورت میں بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز کو ایک خصوصی سہولت کے طور پر اس کی مد میں صرف 256 روپے چارجز وصول کیے جاتے ہیں۔جبکہ مارکیٹ میں اس ڈیبٹ کارڈ کی تبدیلی (Replacement) کے چارجز 1200 روپے تک مقرر ہیں۔جبکہ بینک الفلاح پنشن ATM card تاریخ اجراء سے 5 برس کی مدت تک کارآمد رہتا ہے۔ واضح رہے کہ ای او بی آئی پنشن والٹ اکاؤنٹ کے بیلنس پر کوئی منافع نہیں ہے اور نہ ہی پنشن والٹ اکاؤنٹ کے بیلنس پر زکوٰۃ کی کوئی کٹوتی کی جاتی ہے۔

بینک الفلاح لمیٹڈ کی ملک کے طول وعرض میں 1260 ATMs خدمات انجام دے رہی ہیں اور ملک بھر میں مجموعی طور پر 18,700ون لنک (Onelink) ATMs خدمات کے لیے دستیاب ہیں۔اسی طرح بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز کے لیے ہر 6 ماہ بعد لازمی ثبوت بقید حیات (Proof of life) کی بائیو میٹرک تصدیق کے لیے بھی کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کیے جاتے۔ جبکہ دوسری جانب نادرا (NADRA) کی جانب سے اس مد میں ضرورت مند افراد سے 18.74 روپے وصول کیے جاتے ہیں۔ اسی طرح بزرگ پنشنرز کی جانب سے ون لنک (Onelink) کے ذریعہ پنشن کی وصولیابی کی صورت میں بھی کسی قسم کے اضافی چارجز وصول نہیں کیے جاتے۔
ای او بی آئی کے بیمہ دار افراد (Insured Persons)متعلقہ ریجنل آفس سے اپنی پنشن دعویٰ کی منظوری کے بعد اپنے کارآمد اصل قومی شناختی کارڈ اور ای او بی آئی کے جاری کردہ پنشن پیمنٹ آرڈر (PPO) کے ساتھ بینک الفلاح لمیٹڈ کی نزدیکی برانچ سے رجوع کرکے اپنی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد باآسانی اپنا پنشن والٹ اکاؤنٹ کھلوا سکتے ہیں جس کے بعد پنشنرز اپنے پنشن والٹ کارڈ کو ایکٹیویٹ کرانے اور اپنے ATM pinکے لیے بینک الفلاح کے 24 گھنٹے کال سینٹر021-111-225-229سے رجوع کرسکتے ہیں۔

مقررہ قوانین کے مطابق ہر پنشنر کے لیے ہر 6 ماہ بعد اپنے ثبوت بقید حیات (Proof of life)کے لیے بینک الفلاح کی نزدیکی برانچ میں ذاتی طور پر پیش ہوکر اپنی بائیو میٹرک تصدیق کرانا لازمی امر ہے بصورت دیگر ایسے پنشنرز کی پنشن عارضی طور پر معطل کردی جاتی ہے اور پنشن معطل ہونے کے مزید تین ماہ تک اپنی بائیو میٹرک تصدیق نہ کرانے کی صورت میں ایسے پنشنرز کی پنشن کی رقم ای او بی آئی کو واپس بھیج دی جاتی ہے۔ جس کی بحالی کے لیے پنشنرز ای او بی آئی کے متعلقہ ریجنل آفس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔اسی طرح پنشنرز کے طویل عرصہ بیرون ملک قیام کی صورت میں بھی ان کی پنشن عارضی طور پر معطل ہو جاتی ہے۔جو پنشنر کی وطن واپسی پر ای او بی آئی کے متعلقہ ریجنل آفس سے ذاتی طور پر رجوع کرنے پر مقررہ طریقہ کار کے مطابق بحال کردی جاتی ہے۔بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے ای او بی آئی کے بزرگ پنشنر کی شدید علالت کے باعث صاحب فراش ہونے اور چلنے پھرنے سے قاصر ہونے کی صورت میں قوانین کے مطابق ان پنشنرز کی ہر 6 ماہ بعد بائیو میٹرک تصدیق کے لیے بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خصوصی انتظامات کیے ہوئے ہیں۔ جس کے تحت بینک کا مقرر کردہ ایجنٹ شدید بیمار پنشنر کے گھر پر جا کر ان کی بائیو میٹرک تصدیق کا عمل انجام دیتا ہے۔ بزرگ پنشنرز کے انگوٹھے کے نشان واضح ثبت نہ ہونے کی صورت میں ایسے پنشنر کو آئندہ اپنی پنشن جاری رکھنے کے لیے ای او بی آئی کے متعلقہ ریجنل آفس سے مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنی پنشن کے حصول کے لیے اپنے کسی قابل بھروسہ عزیز کی نامزدگی کے لیے ’’اتھارٹی لیٹر‘‘جاری کرانا لازمی ہے۔پنشنرز کے اہل خانہ کو ان کے مفاد میں یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ پنشنر کی وفات کی صورت میں ان کے لواحقین تحریری طور پر دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ ای او بی آئی کے متعلقہ ریجنل آفس کو مطلع کریں اور متوفی پنشنر کی پنشن کی وصولی سے باز رہیں۔

بینک الفلاح لمیٹڈ کی خدمات میں ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز کو اولین ترجیح حاصل ہے۔ لہٰذا بینک الفلاح کی جانب سے بزرگ پنشنرز کے مفادات کے تحفظ کے لیے انہیں SMS پیغامات کے ذریعہ ہمہ وقت باخبر رکھا جاتا ہے۔اس مقصد کے تحت بینک کی جانب سے ہر ماہ پنشن کے اجراء کے موقع پنشنر کو انفرادی طور پران کے رجسٹرڈ موبائل فون نمبر پر SMS کے ذریعہ پنشن کی آمد کاپیغام ارسال کیاجاتا ہے۔علاوہ ازیں ہر پنشنرکو ہر 6 ماہ بعد ان کی مقررہ بائیو میٹرک تصدیق کی یاد دہانی کے لیے بھی ایک ماہ قبل بذریعہ SMS پیشگی اطلاع دی جاتی ہے۔اس سلسلہ میں حتمی تاریخ سے 15 دن قبل دوسرا پیغام اور بالآخر مدت کے اختتام کے آخری دن بھی انہیں بائیو میٹرک تصدیق کی یاد دہانی کا پیغام بھیجا جاتا ہے۔

بینک الفلاح کے جدید ترین اور برق رفتار بینکنگ نظام کے ذریعہ ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو ملک بھر میں یکساں طور پر پنشن جاری کردی جاتی ہے۔ بصورت دیگر کسی ماہ کے دوران مہینہ کی پہلی تاریخ ہفتہ یا اتوار کو آجانے کی صورت میں پنشن اس ماہ کی 2 یا 3 تاریخ کو ہر صورت میں جاری کردی جاتی ہے اور بینک الفلاح لمیٹڈ کے تشکیل کردہ خصوصی پنشن تقسیم کے خودکار نظام کی بدولت ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو ملک بھر میں ای او بی آئی کے لاکھوں پنشنرز کے لیے پنشن کی تقسیم کا عمل چشم زدن میں مکمل ہوجاتا ہے اور تقسیم کے عمل کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ صرف 5 منٹ تک ہوسکتا ہے۔

ای او بی آئی اور بینک الفلاح کے درمیان بینکنگ سروسز بولی میں ایک بار پھر کامیابی کے پر مسرت موقع پر بینک الفلاح لمیٹڈ کے صدر اور سی ای او عاطف اسلم باجوہ اور بینک انتظامیہ نے اپنے اس مصصم عزم کا اظہار کیا ہے کہ بینک الفلاح لمیٹڈ ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز کے سینئر سٹیزن ہونے کے ناطے سے ان کے پنشن فنڈز سے کوئی منافع نہیں کمانا چاہتا اور ان شاء اللہ ہم آئندہ بھی ای او بی آئی کے لاکھوں بزرگ پنشنرز کے لیے بینکنگ سروسز کی بہتر سے بہتر اور عالمی معیار کی خدمات کی فراہمی کے لیے کوشاں رہیں گے۔

دریں اثناء ای او بی آئی کے لاکھوں بزرگ، معذور، بیوگان اور یتامیٰ پنشنرز نے بینک الفلاح لمیٹڈ کی بینکنگ سروسز کی بولی میں ایک بار پھر کامیابی کے خوش آئند فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے گہری مسرت کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ ای او بی آئی، بینک الفلاح لمیٹڈ کے ذریعہ ملک بھر میں اپنے 4 لاکھ سے زائد بزرگ معذور، بیوگان اور یتامیٰ پنشنرز میں ماہانہ 5 ارب روپے اور سالانہ تقریبا 60 ارب روپے کی خطیر رقم تقسیم کرکے اپنا قومی فریضہ انجام دے رہا ہے۔امید کی جاتی ہے کہ بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے ای او بی آئی کے لاکھوں بزرگ پنشنرز کے لیے بے لوث خدمات فراہم کرنے کا یہ نیک اقدام ملک کے کمزور پنشنرز طبقہ کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

(ختم شد)