امریکہ میں ایک دیوار پر ٹیپ کے ساتھ چپکے کیلے کا تصوراتی آرٹ نیلامی میں 62 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا ہے جو پاکستانی روپے میں 1 ارب 72 کروڑ سے بھی زائد بنتے ہیں۔خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق بدھ کے روز نیویارک کے سوتھیبی نیلام گھر میں اس آرٹ کو نیلام کیا گیا جہاں کرپٹو کرنسی ٹرون کے بانی جسٹن سن نے اسے خریدا۔
امریکی ویب سائٹ آرٹ نیٹ پر جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ جسٹن نے اس آرٹ کے لیے 62 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کرپٹو کرنسی میں کی ہے اور اس کیلے کو وقت کے ساتھ گَل جانے کی صورت میں وہ اسے تبدیل کرنے کے خود ذمہ دار ہوں گے۔یہ آرٹ اٹلی کے مصور ماریزیو کیٹیلان کی تخلیق ہے جس کو ’کامیڈین‘ کا عنوان دیا گیا تھا۔