کراچی: سفاری پارک میں موجود ہتھنی سونیا انتقال کر گئی

265

کراچی کے سفاری پارک میں ہتھنی سونیا انتقال کرگئی۔

 ذرائع کے مطابق سونیا نامی ہتھنی کی موت گزشتہ رات ہوئی ہے، ابتدائی طور پر ہتھنی کی موت کا سبب ہارٹ اٹیک لگ رہا ہے۔

اتوار کی صبح عملہ سفاری پارک پہنچا تو ہتھنی کو مردہ پایا، ہتھنی سونیا کی عمر 22 سے 23 سال تھی۔ 

ہتھنی سونیا کا پوسٹ مارٹم دو دن بعد ہوگا، پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ہتھنی کی وجہ موت کا تعین ہوسکے گا۔

ہتھنی کے جسم کو برف لگا کر رکھا گیا ہے، فور پاز کےعامر خلیل ہتھنی کا پوسٹ مارٹم کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ سفاری پارک میں 3 ہتھنیاں موجود تھیں، ہتھنی سونیا اور ملکہ پہلے سے سفاری پارک میں موجود تھے جبکہ چند روز قبل مدھوبالا کو عالمی ماہرین کی تنظیم فور پاز کی نگرانی میں چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا۔