مچل اسٹارک کی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے اچھی بولنگ

278


سید پرویز قیصر
ایڈیلیڈ میں شروع ہوئے پانچ ٹیسٹ میچوں کی سریز کے دوسرے ٹیسٹ میں مچل اسٹارک نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14.1 اوور میں48 رنز دیکر چھ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جو ٹیسٹ کرکٹ میں انکی سب سے اچھی اور آسڑیلیا کیلئے دن اور رات کے ٹیسٹ میچ میں دوسری سب سے اچھی بولنگ ہے۔ انکی اس شاندار بولنگ کی بدولت بھارت کے تمام کھلاڑی اپنی پہلی اننگز میں44.1 اوور میں180 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
بائیں ہاتھ کے اس تیز بولر کی اس سے پہلے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے اچھی بولنگ کارکردگی 12.3 اوور میں50 رنز دیکر چھ وکٹ تھی جو انہوں نے سری لنکا کے خلاف گول میں اگست2016 میں انجام دی تھی۔ اس ٹیسٹ میں آسڑیلیا کو 229 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اس سے پہلے بھارت کے خلاف مچل اسٹارک کی سب سے اچھی بولنگ کارکردگی21 اوور میں53 رنز دیکر چار وکٹ تھی جو انہوں نے ایڈیلیڈ اوول میں ہی دسمبر2020 میں انجام دی تھی۔ اس ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے آٹھ وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔
مچل اسٹارک نے91 ٹیسٹ میچوں کی173 اننگوں میں15 مرتبہ ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے جس میں سے وہ پانچ مرتبہ ایک اننگز میں چھ کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
دن اور رات کے ٹیسٹ میچوں میں سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے لیگ اسپنر دیوندر بشو کے پاس ہے جنہوں نے دوبئی میں اکتوبر2016 میں پاکستان کے خلاف13.5 اوور میں49 رنز دیکر آٹھ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ انکی یہ شاندار بولنگ کارکردگی ویسٹ انڈیز کو جیت نہیں دلاسکی تھی اور وہ یہ ٹیسٹ 56 رنز سے ہارگئی تھی۔
شامر جوزف نے آسڑیلیا کے خلاف برسبین میں جنوری 2024 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں11.5 اوور میں68 رنز دیکر سات کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جو کسی تیز بولر کی دن اور رات کے ٹیسٹ میچ میں سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔ اس ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے آٹھ رنز سے جیت اپنے نام کی تھی۔
آسڑیلیا کی جانب سے دن اور رات کے ٹیسٹ میچوں میں سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ پیٹ کیمنس کے پاس ہے جنہوں نے سری لنکا کے خلاف برسبین میں جنوری 2019 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں15 اوور میں23 رنز دیکر چھ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ اس ٹیسٹ میں آسڑیلیا ایک اننگز اور 40 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی اور پیٹ کیمنس دن اور رات کے ٹیسٹ میچوں میں تیسری سب سے اچھی بولنگ کرانے میں کامیاب رہے تھے۔
نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے انگلینڈ کے خلاف آکلینڈ میں مارچ 2018 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں10.4 اوور میں32 رنز دیکر چھ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جو دن اور رات کے ٹیسٹ میچوں میں نیوزی لینڈ کیلئے سب سے اچھی بولنگ اور کل ملاکر چوتھی سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔ اس ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے ایک اننگز اور 49 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔
دن اور رات کے ٹیسٹ میچوں میں دو مرتبہ ایک اننگز میں چھ یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے والے مچل اسٹارک واحد بولر ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف ایڈیلیڈ میں نومبر2019 میں25 اوور میں66رنز دیکر چھ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا اور آسڑیلیا کو ایک اننگز اور 48 رنز سے جیت دلانے میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔