حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس طارق رزاق دھاریجو حیدرآباد رینج نے ایس ایس پی حیدرآباد فرخ لنجار کے ہمراہ تھانہ بی سیکشن کا سرپرائز دورہ کیا۔ انہوں نے تھانے میں متعین عملے سے ان کی ذمہ داریوں اور تعیناتی کے بارے میں استفسار کیا، جرائم کے خاتمے اور سماج دشمن عناصر کے خلاف نمایاں کارکردگی کے حامل پولیس افسران واہلکاروں کو شاباشی جبکہ فرائض میں کوتاہی برتنے والے پولیس ملازمین کو موقع پر سزائیں سنائیں۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے تھانے کی حدود میں قائم پولیس پکٹس، پیٹرولنگ پلان سے متعلق ایس ایچ او سے مکمل تفصیلات معلوم کیں اور اس حوالے سے مزید ہدایات جاری کیں۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے تھانے کے تمام رجسٹروں، اہمونیشن، نفری کی ڈیپلائمنٹ اور زیر تفتیش مقدمات سمیت محکمانہ اُمور کا نہایت تفصیل کے ساتھ جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے ڈی ایس پی حسین آباد عبدالخالق جٹھیال کوتھانے کے تمام معاملات کی بہتر طریقے سے نگرانی کرنے کے احکامات بھی دیے۔