ایک اننگز میں 10وکٹ لینے والے بولر

55

بائیں ہاتھ سے اسپین بولنگ کرانے والے اعجاز پٹیل ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اننگز میں تمام 10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے والے تیسرے بولر 4 دسمبر2021 کو بنے تھے۔ نیوزی لینڈ کے اس بولر نے بھارت کے خلاف ممبئی میں دوسرے ٹیسٹ کی دوسرے دن 47.5 اوور میں119 رنز دیکر 10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انہوں نے 12اوور میڈن بھی کرائے تھے۔ اس ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو372 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے اس ٹیسٹ میں73.5 اوور میں225 رنز دیکر 14 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اننگز میں تمام 10 وکٹ حاصل کرنے والے پہلے بولر انگلینڈ کے جیم لیکر تھے جنہوں نے آسڑیلیا کے خلاف مانچسٹر میں1956 میں ہوئے ٹیسٹ میں51.2 اوور میں53 رنز دیکر 10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ انہوں نے 23 اوور میڈن بھی کرائے تھے۔اس میچ کی دوسری اننگز میں وہ 16.4اوور میں37رنز دیکر نو کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے جو ٹیسٹ کرکٹ میں پانچویں سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔
بھارت کے لیگ اسپنر انیل کومبلے نے پاکستان کے خلاف دہلی میں فروری 1999 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں26.3 اوور میں74 رنز دیکر 10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ انہوں نے نو اوور میڈن بھی کرائے تھے۔

ٹیسٹ کی ایک اننگز میں دس کے دس کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے والے تمام 3 بولر اسپنر ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے اچھی بولنگ کرانے والے تیز بولر انگلینڈ کے جارج لوہمین ہیں جنہوں نے جنوبی افریقا خلاف جوہانسبرگ میں مارچ 1896 میں پانچ گیند والے 14.2 اوور میں28 رنز دیکر نو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔
اعجاز پٹیل سے پہلے نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے اچھی بولنگ کرانے کا ریکارڈ تیز بولر رچرڈ ہیڈلی کے پاس تھا جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں نومبر1985 میں23.4 اوور میں52 رنز دیکر نو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ساتویں سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔

بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی جانب سے اس سے پہلے سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ رچرڈٖ ہیڈلی کے پاس تھا جنہوں نے ویلنگٹن میں فروری 1976 میں8.3 اوور میں23 رنز دیکر سات کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے لئے بھارت میں بھارت کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ ٹم ساوٹھی کے پاس تھا جنہوں نے اگست2012 میں بنگلور میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں24 اوور میں 64 رنز دیکر سات کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔

اعجاز پٹیل سے پہلے بھارت کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے نوریگا کے پاس تھا۔ اس آف اسپنر نے پورٹ آف اسپین میں مارچ 1971 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں 49.4 اوور میں95 رنز دیکر نو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ انہوں نے 16 اوور میڈن بھی کرائے تھے۔ بھارت میں بھارت کے خلاف اس سے پہلے سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ جنوبی افریقا کے لانس کلوسنر کے پاس تھا جنہوں نے کلکتہ میں نومبر 1996 میں 21.3 اوور میں64رنز دیکر 8 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔