اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان پر وفاقی دارالحکومت میں درج مقدمات کی تعداد 76 ہوگئی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد سے متعلق درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی،بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔
سماعت کے دوران اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کے خلاف مقدمات کی نئی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی ،تحریک انصاف کے ڈی چوک احتجاج کے بعد عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں مزید 14 مقدمات درج کر لیے گئے۔
اس سے قبل پولیس رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج تھے۔
دوران سماعت سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں درج مقدمات کی رپورٹ بھی سیکرٹری داخلہ نے عدالت میں پیش کی جبکہ نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی رپورٹس بھی عدالت میں جمع کروا دی گئیں۔
پولیس رپورٹ جمع کرائے جانے کے بعد عدالت نے عمران خان کے خلاف درج مقدمات کے حصول کی درخواست نمٹا دی۔