امریکی صدر اسرائیلی دہشت گردی کو مزید ہوا دے رہے ہیں،منعم ظفر خان

186
Karachi's infrastructure is destroyed

ان کے اس رویے کے باعث خود امریکہ بھی جنگ سے محفوظ نہیں رہ سکے گا،امریکی صدر کے مشرقِ وسطیٰ کو جہنم بنا دینے کے بیان پر ردِ عمل

عالم ِ اسلام کے حکمران، او آئی سی اوراسلامی ممالک کے فوجی اتحاد نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کاکہنا ہےکہ امریکی پشت پناہی سے اسرائیل نے غزہ میں جارحیت و دہشت گردی اور ظلم و سفاکیت کی انتہا کر دی ہے اور وہ غزہ کے بعد لبنان پر بھی چڑھ دوڑا ہے، نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل کی پشت پناہی اور حمایت ترک کرنے اور اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی ختم کروانے کے بجائے مشرق ِ وسطیٰ میں جنگ کو مزید ہوا دے رہے ہیں۔

منعم ظفر خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی نہ ہونے کی صورت میں مشرقی ِ وسطیٰ کو جہنم بنا دینے کی دھمکی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل  شہری آبادیوں، اسپتالوں، اسکولوں اور مساجد تک پربمباری کر کے انسانی حقوق،عالمی قوانین اور جنگی اصولوں کی بھی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ  ڈونلڈ ٹرمپ  کے اس رویے اور طرزِ عمل کے باعث خود امریکا بھی جنگ سے محفوظ نہیں رہ سکے گا،اس ساری صورتحال میں عالم ِ اسلام کے حکمران، او آئی سی اور سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد نے بھی مجرمانہ طور پر خاموشی اور بزدلی کا رویہ اختیار کر رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  او آئی سی  کا یہ رویہ اور طرزِ عمل ہی اسرائیل کو ہمت اور طاقت دے رہا ہے کہ وہ روزانہ خواتین اور بچوں سمیت مظلوم فلسطینیوں کو شہید کر رہا ہے اور مسلمانوں کے قبلہ ئ اوّل اور انبیاء ؑ کی سر زمین فلسطین پر سے اپنا قبضہ اور تسلط ختم کرنے پر تیار نہیں۔