پوری دنیا کو دکھائیں گے کہ پاکستان میں مارشل لا ہے:اسد قیصر

178
judicial commission

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پوری دنیا کو دکھائیں گے کہ پاکستان میں مارشل لا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ عدالت نے حفاظتی ضمانت دے دی ہے، 26 تاریخ کو ظلم ہوا جب کہ آئین ہمیں احتجاج کا حق دیتا ہے ، ہمیں احتجاج سے روکنے کا کسی کو حق نہیں ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ ہمارا احتجاج ابھی ختم نہیں ہوا ہے ،وفاقی حکومت نے شہریوں پر گولیاں چلائیں اور شیلنگ کی، تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی، اسلام آباد کو پختونوں کے لیے نو گو ایریا بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسران کو بتانا چاہتا ہوں کہ قانونی حد سے آگے نہ بڑھو، پارٹی کے شہداء کے گھروں کو جائیں گے، اس ظلم کے خلاف انٹرنیشنل فورم پر بھی آواز اٹھائیں گے، تمام سیاسی جماعتوں کی ذمے داری ہے کہ غیر قانونی حکومت کے خلاف آواز اٹھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کا احترام کیا ہے، تحریک انصاف سب سے مقبول جماعت اور یکجہتی کی علامت ہے، عمران خان اور کارکنوں کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا گیا ہے، ہم بانیٔ پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، قید رہنما اور کارکنوں کی رہائی پہلی ترجیح ہے۔