سکھر،پولیس کا زنگنیجہ برادری کیخلاف کارروائی،113 گرفتار

134

سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی میں مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کا معاملہ، روہڑی کے تھانہ جھانگڑو پولیس نے احتجاج کرنے ، سڑک بلاک کرنے اور پتھراؤ کرنے پر زنگیجہ برادری کے سو سے زائد افراد کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، سرکار کی مدعیت میں زنگیجہ برادری کے 113 افراد پر دہشت گردی کا الزام عائد کیا گیا ہے جن میں مرد و خواتین شامل ہیں، مقدمے میں ریاض زنگیجو، حکیم زادی، رضیہ، رقیہ، سلمان، ہادی بخش، فدا حسین، حوالدار، ماجد، دادو، نصیر، صفدر، حسیب، خالد زنیجو، دلدار، فاروق، نذیر، وسیم اور فرحان شامل ہیں۔ دو روز قبل مبینہ پولیس مقابلے میں رضا زنگیجو ہلاک ہو گیا تھا جس کی ہلاکت کو مبینہ پولیس جعلی مقابلہ قرار دیتے ہوئے ورثا کی جانب سے نعش رک کر قومی شاہراہِ کو بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا اس دورا ن علاقہ میدان جنگ بن گیا اور پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں پتھراؤ شیلنگ ہوئی۔ ترجمان پولیس کے مطابق پولیس پارٹی کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کرنے پہنچی تو مظاہرین کی جانب سے پولیس پر حملہ کر کہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، حملے میں پولیس کے متعدد اہلکار شدید زخمی اور ای پی سی چین سمیت متعدد پولیس موبائلز کو شدید نقصان پہنچا گیا، حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کو متعلقہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کا ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری نے مظاہرین کو منتشر کرکے قومی شاہراہِ کو کھلوا کر ٹریفک روانی کو بحال کیا گیا۔ایس ایس پی نے کہا کہ سرکاری ڈیوٹی میں مداخلت کرنے اور اہلکاروں پر تشدد میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات تھانہ پٹنی کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران ایک کروڑ ڈکیتی میں ملوث ڈاکو ہلاک اور بھاری رقم برآمد کی گئی تھی،ڈاکو کی شناخت رضا زنگیجو کے نام سے ہوئی اور بندر پر نجی کمپنی کی کار سے ڈکیتی کی واردات والی رقم مسروقہ 1450000 کیش برآمد کیا گیا،تاہم مظاہرین نے پولیس کے مؤقف کو مسترد کرتے جعلی مقابلہ کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تھانہ پٹنی کی حدود اوور ہیڈ پل کے قریب پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈاکو رضا زنگیجو کے کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا ہے، ڈاکو ڈکیتی چوری ، پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین وارداتوں اور مقدمات میں سکھر پولیس کو مطلوب تھا۔