اسپیشل بچے ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں،عبدالخالق بلوچ

63

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ٹو) حیدرآباد عبدالخالق بلوچ نے کہا ہے کہ اسپیشل بچے ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہے، ان کی بہتر نگہداشت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ خصوصی تعلیم و بحالی برائے اسپیشل چلڈرن جی او آر کالونی سینٹر کی جانب سے معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر سندھی لینگویج اتھارٹی میں منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ریجنل ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن و بحالی امین میمن، پرنسپل محمد ناصر سولنگی، نجمہ قادر چنڈ، سلمہ عادل، سیما سومرو، احسان تالپور، نظیر احمد بھگیو، اسپیشل بچوں کے علاوہ مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اسپیشل بچوں کی تعلیم، تربیت و بحالی پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے تاکہ یہ بچے مستقبل میں کسی کے محتاج نہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ اس کارِ خیر میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن پوری دنیا میں اسپیشل افراد سے اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقوق سے آگاہی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن و بحالی امین میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپیشل بچے خداداد صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ان کے ٹیلنٹ کومزید اُبھارا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اسپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ یہ لوگ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر محمد ناصر سولنگی نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا، جبکہ نجمہ قادر چنڈ، سلمہ عادل، سیما سومرو و دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسپیشل ایجوکیشن و بحالی سینٹر میں اسپیشل بچوں کو ایجوکیشن، فنی تعلیم، کورس، اسکول یونیفارم، لنچ اور پک اینڈ ڈراپ کی سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہے۔