نادرا کے مقامی سطح پر تیار خود کار نظام کی سافٹ لانچنگ کردی گئی

24

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے رہائشی اب ائر پورٹس، ریلوے ا سٹیشنز، شاپنگ مالز اور تعلیمی اداروں سے اپنا شناختی کارڈ خود بنواسکیں گے۔ نادرا کے مقامی سطح پر تیار کیے گئے خود کار نظام کی سافٹ لانچنگ کردی گئی ہے۔ آئندہ چند روز میں شہری اس سروس سے مستفید ہوسکیں گے۔ پہلے مرحلے میں یہ نظام کراچی شہر میں متعارف کروایا گیا ہے۔ پہلے فیز کی کامیابی کے بعد اس سسٹم کو ملک کے دیگر شہروں میں بھی نصب کیا جائے گا۔ نیشنل ڈیٹا رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ترجمان سید شباہت علی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوتے بتایا کہ کراچی شہر میں نادرا کے میگا سینٹرز پر عوام کے رش کو کم کرنے کے لیے سیلف سروس کیوسک نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس جدید نظام کے ذریعے شہری خود اپنا شناختی کارڈ پروسس کرسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کام کارپوریشن کے اشتراک سے مقامی طور پر تیار کیا گیا یہ سسٹم آنے والے دنوں میں ملک بھر میں نصب کیا جائے گا۔ نادرا کے سیلف سروس کیوسک جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہری بغیر کسی مدد کے بائیومیٹرک تصدیق، تصویر کھنچوانے اور دستاویزات جمع کرانے کا عمل مکمل کرسکیں گے۔ یہ مکمل طور پر خودکار عمل ہوگا جو شہریوں کی وقت کی بچت کے ساتھ ان کی مشکلات کو بھی کم کرے گا۔ شہری اپنی معلومات جمع کرانے کے بعد 15 دن کے اندر اپنے شناختی کارڈ، ب فارم اور دیگر متعلقہ دستاویزات اپنے فراہم کردہ پتے پر حاصل کر سکیں گے۔