مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش ہے‘ اسحاق ڈار

84

مشہد (صباح نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش ہے، اسرائیل نے خطے کی سلامتی اور سیکورٹی کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے،ایران کے شہر مشہد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزارتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے تنظیم میں نئے عزم اور جذبے کی روح پھونکی ہے، وزرا کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی اعزاز ہے، اجلاس کی میزبانی اور مہمان نوازی کے لیے ایرانی حکومت کے شکرگزار ہیں۔اسحق ڈار نے کہا وہ اسرائیل کی جانب سے غزہ، لبنان اور شام میں مظالم کی سخت مذمت کرتے ہیں، مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش ہے اسرائیل نے علاقائی امن کو خطرے میں ڈال دیا، مشرق وسطیٰ کے لوگوں کو تشدد، جنگ سے پاک اور خوف سے آزاد زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی، لبنان کی خود مختاری کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے،نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان ای سی او کو علاقائی ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتا ہے۔اسحق ڈار نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے اجلاس کے تجویز کردہ عنوان کے مطابق ای سی او ریجن کی ترقی اور خوشحالی علاقائی تجارت کی توسیع پر منحصر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خطے کی پائیدار ترقی کے لیے ای سی او کا تجارتی معاہدہ ایک مخصوص وقت میں ٹیرف کو کم کر کے علاقائی اقتصادی مفادات کے فروغ کے لیے ایک سازگار پلیٹ فارم ہے۔اسحق ڈار نے کہا ای سی او کے وجود میں آنے کے کافی عرصے بعد بھی معاہدوں پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، پاکستان ای سی او کے تجارتی معاہدے کے جلد نفاذ کو بہت اہمیت دیتا ہے، ہم تمام رکن ممالک سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ جلد از جلد اس معاہدے کے نفاذ میں ہمارا ساتھ دیں،قبل ازیں اسحاق ڈار نے ای سی او کلین انرجی سینٹر کے چارٹر پر دستخط کیے۔ چارٹر تبدیلی آب و ہوا سے نمٹنے میں جدید قابل تجدید صاف توانائی کے ذرائع کے لیے تحقیق اور ترقی پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔