میڈیا ہاؤسز ملازمین کی کم از کم تنخواہ 37500 روپے،9 واں ویج ایوارڈ فوری نافذ کرنے کی ہدایت

173
Media Houses Employees Minimum Salary

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی اطلاعات و نشریات کی ذیلی قائمہ کمیٹی کی وزارت اطلاعات و نشریات اور پیمرا کو ہدایاتقومی اسمبلی کی اطلاعات و نشریات کی ذیلی قائمہ کمیٹی نے وزارت اطلاعات و نشریات اور پیمرا کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام میڈیا ہائوسز میں حکومت کی مقرر کردہ کم ازکم تنخواہ 37 ہزار 500 روپے کی ادائیگی اور 9 واں ویج ایوارڈ فوری طور پر نافذ العمل کرایا جائے۔

صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کرنے والے اخبارات اور ٹی وی چینلز کی فہرست مرتب کرکے ان کے اشتہارات کی بندش سمیت تمام مطلوبہ اقدامات کئے جائیں، میڈیا ہائوسز میں تھرڈ پارٹی کنٹریکٹ سسٹم کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات اور آئی ٹی این ای کے اراکین کی تعداد 5 کرنے کے لئے فوری عمل کیا جائے۔ یہ ہدایات چیئرمین سید امین الحق نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ذیلی قائمہ کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

سید امین الحق نے ڈمی اخبارات کے حوالے سے شکایات اور پی بی اے کے واجبات کی ادائیگی کیلئے پالیسی کے مطابق اقدامات کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین ، ارکان اسمبلی سحر کامران، مولانا عبدالغفور حیدری اور معظم علی خان شریک تھے

سیکرٹری اطلاعات ونشریات ، چیئرمین پیمرا، چیئرمین آئی ٹی این ای اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے کمیٹی کو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی شکایات کے ازالے اور تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

چیئرمین کمیٹی نے کمیٹی اراکین کے سوالات پر وزارت اطلاعات و نشریات اور پیمرا کو ہدایات جاری کیں کہ جوابات کو تحریری طور پر کمیٹی کے ارکان کو بھیجا جائے۔ اجلاس میں صحافتی تنظیموں اور ایپنک کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل، تنخواہوں کی عدم ادائیگی ، ای او بی آئی میں رجسٹریشن نہ ہونے، کنٹریکٹ مسائل، میڈیکل اور لائف انشورنس نہ دیئے جانے اور پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں وفاق کی طرح میڈیا ورکرز کے لئے بھی پلاٹوں میں50 فیصد کوٹہ مقرر کرنے کے حوالے سے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا گیا.جبکہ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ تمام میڈیا ہائوسز بروقت تنخواہوں کی ادائیگیاں کررہے ہیں تاہم اگر کوئی شکایات ہیں تو پی بی اے شکایات کا فوری ازالہ کرے گی۔