اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی اور قاسم سوری جیسے لوگوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پاگل قرار دینے سے مارنے تک کی سازش کی ہے، یہ سب مل کر بانی پی ٹی آئی کو اس دلدل میں لے جا رہے ہیں جہاں سے واپسی نہ ہو۔
ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان نے مثبت فیصلہ کیا ہے کہ حکومت سے بات چیت کی جائے اور سڑکوں کے بجائے اسمبلیوں کا رخ کیا جائے
انہوں نے کہا کہ باہر بیٹھے لوگ بانئ پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف پروپیگنڈے کیلئے استعمال کررہے ہیں، عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کو وقتی طور پر نظر انداز کریں ورنہ نقصان زیادہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جان بوجھ کر گھٹیا ایکس پوسٹ آگ لگانے کے لیےلکھی گئی، یہ گھٹیا ٹوئٹ بانی پی ٹی آئی نے نہیں باہر بیٹھے سازشیوں نے لکھی کیونکہ عمران خان خود اپنا ایکس ہینڈل نہیں چلا رہے۔