وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانیٔ پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 26 نومبر کی ناکام بغاوت کے تمام ثبوت سامنے آ گئے۔
اپنے بیان میں وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے لیے غیر ملکیوں کو احتجاج میں لایا گیا جبکہ احتجاج میں شریک افراد تربیت یافتہ اور تخریب کاری کے ماہر تھے،گرفتار افراد کی اکثریت کا پاکستان میں کوئی ریکارڈ ہی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاشوں کی سیاست کرنے والے اب تک درجن بھر بیانات تبدیل کر چکے ہیں،فتنہ پارٹی کا سوشل میڈیا ہی اس کے لیے وبالِ جان بن چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی جی اسلام آباد، سیکریٹری داخلہ، ڈی پی او اٹک کی پریس کانفرنس ناقابلِ تردید شواہد ہیں، کے پی حکومت کے پاس دہشت گردوں سے لڑنے کے لیے اسلحہ نہیں جبکہ فیڈریشن پر چڑھائی کے لیے جدید اسلحہ ہے۔