ترقیاتی کاموں کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے، بشیر میمن

107

قاضی احمد (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ ن ورکر کنونشن میں صوبائی قیادت سمیت تحصیل کے ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی صدر بشیر میمن کا شاندار استقبال کیا گیا اور ڈھول کی تھاپ پر کارکنان رقص کرتے رہے، آنے والے دیگر معزز مہمانوں میں مسلم لیگ ن سندھ کے سینئر نائب صدر علی اکبر گجر، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری طارق جٹ، ایم این اے کھیل داس کوہستانی، سابق ایم پی اے سورٹھ تھیبو، نصیر میمن، ڈویژنل صدر حیدر آباد خالد عزیز آرائیں، نائب صدر سندھ سردار ہمایوں خان لغاری و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر نواب شاہ کے صدر عبدالحفیظ کھوسو نے عشائیہ دیا اور خوش آمدید کہا۔ مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن و دیگر نے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت ہو صوبائی، قائد میاں محمد نواز شریف کا ویژن عوام کی خدمت کو آگے لے کر چل رہے ہیں، پاکستان کے اہم ترقیاتی کام، ماضی، حال یا پھر مستقبل میں ہوئے ہوں، اس کا کریڈٹ میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے، آپ کی قائدانہ صلاحیتوں نے وطن عزیز میں بسنے والے عوام کو ہر قسم کا فائدہ پہنچایا ہے، انشاء اللہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو درپیش مشکلات سے نکالیں گے، وطن عزیز ایک بار پھر ترقی کی منازل طے کرے گا۔