نواب شاہ:ٹریفک بحران پر قابو پانا ضلعی انتظامیہ کے بس سے باہر

153

نواب شاہ (نمائندہ جسارت) میونسپل کارپوریشن مسائلستان کا شکار نظر آتا ہے، جہاں ایک طرف میونسپل کارپوریشن اپنے فرائض اور عوامی سہولیات کو نچلی سطح تک پہنچانے میں بری طرح نظر آتا ہے تو دوسری جانب ضلعی حکومت بھی عوام کو مسائل سے نہیں نکال سکی، امن وامان، لوڈشیڈنگ، پینے کا پانی، محکمہ تعلیم میں بڑھتی ہوئی بے ضابطگیوں کے ساتھ ساتھ ٹریفک مسائل نے عوام کو دشواریوں سے گھیر لیا ہے، شہر کے مسائل گھمبیر ہونے کی بڑی وجہ منتخب نمائندوں کا اپنے حلقوں سے عدم توجہی ہے، رینگ رینگ کر چلنے والی ٹریفک نے شہریوں کے لیے بے تحاشا مسائل پیدا کردیے ہیں، اس وقت شہر میں 50 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں، چنگ چی سامان لوڈ کرنے والے پھٹے اور لوڈر کے ساتھ ساتھ غیر قانونی رکشے چل رہے ہیں، جبکہ مال برداری کے لیے بڑی گاڑیاں اور لوڈرز بھی شہر میں آرہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی گاڑیاں چل رہی ہیں جن کی وجہ سے ٹریفک کا دباؤ ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے اور مریضوں کے لیے مشکلات ہیں، اس صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کے پاس وسائل انتہائی محدود ہیں ، کم نفری کے ساتھ ٹریفک پولیس اپنے فرائض بہتر طور پر انجام نہیں دے پا رہی، شہر میں ٹریفک جام کی اصل وجہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی ہے۔